کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)ایف آئی اے کوئٹہ نے انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بس کے خفیہ خانوں میں بٹھا کر بلوچستان کے راستے یورپی ممالک لے جائے جانے والے 19افراد کو سہولت کاراورایجنٹ سمیت گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے حکام نے نمائندہ 92 کو بتایا کہ میاں غنڈی میں ایف آئی اے ٹیم نے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 19 افراد ایجنٹ سہولت کار سمیت گرفتار کرلیا،یہ لوگ براستہ ایران یورپی ممالک جانا چاہتے تھے ، گرفتار شدگان کو بس کے خفیہ خانوں میں رکھا گیا تھا جہاں ہوا اور پانی کی سہولت نہیں تھی اور سانس لینا بھی دشوار تھا گرفتار تمام افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے ، گرفتار افراد کا کہنا تھا کہ ایجنٹ نے ہم سے پیسوں کا تقاضاکیا اور کہاآپ لوگوں کو ترکی ، ایران اور دیگر ممالک بحفاظت پہنچایا جائے گا ہمیں معلوم نہیں تھا کہ ہمیں غیر قانونی طور پر لے جایا جارہا ہے ۔