اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،پشاور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا کی تیسری لہر نے شدت اختیار کرلی ہے اوراس سے پاکستان میں مزید 58 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 13595ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 2511نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد609964ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد23355ہو گئی،1895مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل573014صحتیاب ہو چکے ۔دریں اثنا اسلام آباد کی انتظامیہ نے ماسک کی پابندی لازمی قرار دیدی ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجارتی مراکز صبح 8 سے رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی ، تفریحی مقامات اور پارکس شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کے مطابق سیل کئے جانے والے سب سیکٹرز F-11/1 ،I-8/4 اور I-10/2 میں کاروباری علاقوں اور پارکس کو جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل بند رکھا جائیگا۔ تہوار، اجتماعات کو جاری این او سی واپس لے لئے گئے ہیں، کسی کو ان ڈور سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ کھلے مقامات پر 300 افراد کے اجتماع پر صرف 2 گھنٹے کیلئے اجازت ہوگی اور دفاتر کو 50 فیصد سے زیادہ عملہ بلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے پمز ہسپتال سے کورونا ویکسین لگوالی اور ٹویٹ میں کہا کہ ویکسین لگوانے کا عمل انتہائی اچھا تھا۔وزرات نیشنل ہیلتھ سروسز کے کورونا ویکسین پر اقدامات قابل تحسین ہیں، بزرگ افراد ویکسی نیشن ضرور کرائیں، ویکسین کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید43مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ 1566نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5811ہوگئی جبکہ انفکیشن ریٹ 11فیصد سے بڑھ گیا۔لاہورمیں 931،ننکانہ9،قصور 6،شیخو پورہ9،راولپنڈی79، فیصل آباد85کیسز رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی ، سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد 1544تک پہنچ گئی ، آئی سی یو میں انتہائی تشویشناک مریضوں کی تعداد 144 اور ہائی ڈیپنڈینسی یوٹنس میں تشویشناک مریضوں کی تعداد 766 ہو گئی جبکہ کورونا آئسولیشن وارڈز میں 647ہو گئی ۔لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے آئی سی یو 48فیصد مریضوں سے بھر گئے ہیں ۔لاہورمیں سول جج غلام اکبر نسوانہ بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے جس پر انکی عدالت کو سیل کر دیا گیا جبکہ سیشن جج لاہور نے تمام عدالتی عملے کاٹیسٹ کرانے کا حکم دیدیا۔پابندی کے باوجود واہنڈو میں 2 نجی سکول کھولنے پر پرنسپلزکیخلاف مقدمہ درج کرادیا گیا۔ چیچہ وطنی کے نجی سکول کی طالبہ کو کورونا ہونے پر دیگر طلبہ اوروالدین شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ۔ نا کافی حفاظتی سامان اور سہولیات کے باعث ٹی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی لوہاراں کورونا پھیلائو کا مرکز بن گیا۔ایم ایس کے مراسلہ کے مطابق ڈاکٹر ظفر اقبال ،ڈاکٹر مدیحہ شکیل ،ڈاکٹر عبدالخالق ،ڈاکٹر عطیہ بتول ، ڈاکٹر نمرہ خالد ، سی او ذوالفقار علی ، کلرک شمس دین ، ویکسینیٹر ریاض حسین اور چوکیدار رضوان جعفری متاثرین میں شامل ہیں ۔ کورونا سے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ میں ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید7کورونامریض جاں بحق ہوگئے ۔دریں اثنا سندھ کابینہ نے کورونا ماس ویکسی نیشن کیلئے پرائیویٹ ہسپتال اورلیب کی منظوری دیدی ، اجلاس میں کورونا ماس ویکسی نیشن سمیت امن ہیلتھ کیئر سروسز کو 300 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ دینے کی بھی منظوری دی گئی ۔خیبر پختونخوا میں کورونا کے مزید10 مریض جاں بحق ہوگئے ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبہ کے مزید8اضلاع نوشہرہ، چارسدہ ، مردان ، صوابی ، کوہاٹ ، سوات ، ملاکنڈ اور دیر لوئر میں تمام سکولز بند کرنیکافیصلہ کیاہے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں26لاکھ78ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں اچانک کورونا دوبارہ کنٹرول سے باہر ہونے پر نئے کیسوں میں اضافہ کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی نے آج تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کاہنگامی ورچوئل اجلاس طلب کرلیا ہے ۔بھارت میں مزید185سے زائدافراد چل بسے جبکہ 28865سے زائدنئے کیس سامنے آئے ،، جن علاقوں میں وبا کا پھیلا ئوزیادہ تیز رفتار دیکھا گیا وہاں پہلے سے عائد پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں۔ادھرجرمنی میں نئی کورونا انفیکشنز کی شرح میں ایک ہفتے میں20 فیصد اضافہ ہوگیا۔ وبائی امراض کی روک تھام کے جرمن ادارے کے سرکردہ ماہر ڈرک بروکمان نے بتایا کہ جرمنی اس وقت بلاشبہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے دہانے پر ہے ۔