لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی صورتحال کودیکھ کر فیصلے کررہے ہیں۔ چینل92نیوزکے پروگرام’’ہارڈ ٹاک پاکستان‘‘ میں میزبان معید پیرزادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے وہ شعبے بھی کھول دیئے جو ہمارے ہاں آج بھی بند ہیں۔این سی او سی میں زور دیا گیا کہ عوام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں ورنہ انتظامی کارروائی کی جائیگی۔ چینی کی برآمد کا فیصلہ ٹھیک تھا، 11 لاکھ ٹن ایکسپورٹ کی اجازت دی ،پھربھی 12 لاکھ ٹن چینی موجود تھی، سٹے بازوں نے چینی کی قیمت میں اضافہ کیا۔چیئرمین اے کے ڈی گروپ عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ کاروبار کھولنا اچھا فیصلہ، ہم حکومت کیساتھ کھڑے ہیں۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل نے کہا کہ صنعتکار ایس او پیز پرعمل کرتے ہیں،مسئلہ دکانوں اور شاپنگ مالز پر آتا ہے ، وہاں پر عوام تعاون نہیں کرتے ۔ماہر معاشیات ڈاکٹر اکرام الحق نے کہا کہ معیشت کو استحکام درکار ہے ۔ کورونا کی وجہ سے انڈسٹری بند ہے جس کی وجہ سے ٹیکسوں کی ریکوری میں بہت بڑا شارٹ فال آئیگا ۔