کوئٹہ،ریاض (92 نیوزرپورٹ)کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں خودکش حملے کے بعد فضا دوسرے روز بھی سوگوار رہی ،شہر کے بیشتر علاقوں میں کاروبار ی ادارے بند رہے جبکہ واقعہ کے خلاف ہزارہ برادری کے دھرنا میں قائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت ہزارہ برادری کوتحفظ کی یقین دہانی کرائے ۔ دھرنے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔مظاہرین کے دھرنے اور رکاوٹوں کے باعث مغربی بائی پاس پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی ۔ دوسری جانب خودکش حملے میں شہید 20 میں سے 8 افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔علاوہ ازیں بولان میڈیکل کمپلیکس میں اب بھی 12 زخمی زیرعلاج ہیں جن میں سے 3کی حالت تشویشناک ہے ، سول ہسپتال میں 4 زخمی زیر علاج ہیں جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ سول ہسپتال لائے گئے 8 زخمیوں میں سے 4 کو طبی امداد دئیے جانے کے بعد گھر بھیج دیا گیا ،بولان میڈیکل کمپلیکس میں لائے گئے 38 زخمیوں میں سے 26 کو گھر بھیج دیا گیا ۔علاوہ ازیں سعودی وزارت خارجہ نے کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت کردی،سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق تشدد،دہشتگردی اورانتہاپسندی کیخلاف پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،پاکستانی حکومت اورعوام سے افسوس اورغم کا اظہارکرتے ہیں۔