لاہور(رپورٹ:عمران راج) شوبز ستاروں کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو مبارکباد کے پیغامات، فنکاروں نے سوشل میڈیا ٹاپ ٹرینڈ بنا لیا ،اداکار کاشف محمود،رابعہ بٹ، ہمایوں سعید، ماورا حسین ،جیا ملک ،مہین چودھری اور سلمیٰ خان نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے وزیر اعظم بننے پر ان کو مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ،اداکارہ ماورا حسین نے کہا کہ پچپن سے عمران خان کی بہت بڑی پرستار ہوں، جب سکرین پر دیکھا کہ عمران خان وزیر اعظم بن گئے تو میری انکھوں سے خوشی کے آنسو نکل پڑے ،جیا ملک اور سلمیٰ خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے عوام کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، اب ان کو چاہئے جو وعدے عوام سے کئے گئے ان کو پورا بھی کیا جائے ، اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اس حکومت کو بہت سے چیلنج ہیں ان کی حکومت کو بہت محنت کرنا ہوگی،پاکستان کے 22ویں وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سیاسی، سپورٹس اور دیگر سماجی شخصیات کے ساتھ شوبز ستاروں نے بھی شرکت کی۔تقریب حلف برداری میں گلوکار و پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق، معروف اداکار جاوید شیخ اور اداکارہ ثناجاوید نے خصوصی طور پر شرکت کی،اس موقع پر جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ آج نیا پاکستان بننے جا رہا ہے جس پر وہ بیحد خوش ہیں۔گلوکار ابرار الحق نے تمام پاکستانیوں کو تبدیلی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے ہی گانے کے بول لکھے ، ’سر اٹھا کے دیس میں چلنے کا موسم آگیا، آؤ کے اب ایک ہوجانے کا موسم آگیا۔اداکار عمران عباس نے ٹوئٹر پر لکھا کہ عمران خان کو ہمارے نئے وزیر اعظم بننے پر مبارکباد، بہت امید ہے کہ پاکستان کو اس طرح آگے بڑھتے ہوئے دیکھوں جیسے کبھی نہیں دیکھا۔کامیڈین زید علی نے لکھا کہ پہلی بار پاکستان میں سب خوش اور پر امید ہیں‘ خدا عمران خان کو وہ طاقت دے جس سے وہ اپنے کیے تمام وعدے پورے کرسکیں ۔ ثمینہ پیرزادہ اور فیصل قریشی نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔ عروہ حسین نے کہا کہ انہیں عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کا بے صبری سے انتظار رہا،حمزہ علی عباسی نے بھی عمران خان کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ٹویٹ کی۔فرحان سعید نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ تبدیلی آ نہیں رہی ‘تبدیلی آگئی ہے ۔ گلوکارہ صائمہ اختر نے عمران خان کے وزیراعظم بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو مبارکباد دی اور کہا کہ اﷲ کرے نیا پاکستان عوام کی امنگوں پر پورا اترے اور عمران خان بطور وزیراعظم اپنے کئے وعدوں کو پورا کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔