پشاور(نامہ نگار)خیبر پختونخوا اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کے لئے تحریک انصاف متحرک ہو گئی ، اپوزیشن جماعتوں کے پاس جرگہ بھیجا گیا تاکہ اسمبلی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کو بلا مقابلہ منتخب کریا جا سکے ، خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی جانب سے مشتاق غنی سپیکر جبکہ محمود جان ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لئے امیدوار ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں اے این پی کے لائق محمد خان نے سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کے جمشید خان نے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، پی ٹی آئی کے مطابق واضح اکثریت ہونے کے باعث چونکہ اپوزیشن کی جانب سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں اس لئے صوبے کی پرانی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپوزیشن کو اپنے امیدوار دستبردار کرانے چاہیئے اس بارے میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ قومی اسمبلی کے نامزد سپیکر اسد قیصر نے ٹیلیفونک رابطہ پر کے پی اسمبلی کے سپیکر کیلئے تعاون مانگا ہے اور اے این پی کو اپنا امیدوار دستبردار کرانے کی استدعا کی ہے ، انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے سامنے اسد قیصر کی درخواست کو رکھا جائے گا ،اپوزیشن جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا جرگہ گزشتہ روز اے این پی کے پاس گیا جس پر اے این پی نے مہلت مانگ لی اور باقاعدہ مشاورت کے بعد فیصلے سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔