پشاور(وقائع نگار) معروف گلوکارہ مہ جبین قزلباش انتقال کر گئی وہ دو ماہ سے ایل آر ایچ کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج تھی ان کو دو ماہ قبل دل کا دورہ پڑا تھا ، ان کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات دن گیارہ بجے ان کی رہائش گاہ واقع گل گشت کالونی نزد سول کوارٹر کوہاٹ روڈ میں ادا کی جائیگی، مہ جبین قزلباش نے پشتو کے ہزاروں گیت گائے اور اپنا ایک نام پیدا کیا ،مہ جبین قزلباش 1965 میں پشاور میں پیدا ہوئی ان کا بنیادی تعلق افغانستان کے صوبہ ہرات سے ہے ۔باپ نے پشاور ہجرت کی تھی، انہوں نے قبائلی ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے پشتو فلموں کے ہیرو ایمل خان سے شادی کی۔مہ جبین قزلباش نے 13 سال کی عمر میں گلوکاری شروع کی اور ان کی گلوکاری کا سفر 43 سال تک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ مہ جبین قزلباش کی مشہور گیتوں میں اوبہ دی وڑینہ، سپینی سپوگمئے وایہ، زہ خو ستا ستا یمہ اور مستہ ملنگہ دی کڑم شامل ہیں۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گلوکارہ کی وفات پر نہایت دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، یہاں سے جاری تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے غمزدہ لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیاہے ،انہوں نے مرحومہ کی بخشش اور اس ناقابل تلافی نقصان پر رنجیدہ خاندان کے لیے صبرواستقامت کی دعا بھی کی ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ مرحومہ مہ جبین قزلباش کی پشتو ثقافت کے لئے بیش بہا خدمات ہیں ، جس کو ہمیشہ کیلئے یاد رکھا جائیگا۔