لاہور ،اسلام آباد،شیخوپورہ (خصوصی نمائندہ،سپیشل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے راولپنڈی میں ویمن یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، وزیر ریلوے شیخ رشید نے گورنر چودھری سرور سے ملاقات کی جس میں گورنر نے راولپنڈی ویمن یونیورسٹی سیٹلائٹ ٹاؤن کے آرڈیننس کانوٹیفکیشن شیخ رشید کے حوالے کیا،آرڈیننس کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر عالیہ سہیل کو وائس چانسلر جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر زینب جاوید کو یونیورسٹی کے رجسٹرار کی اضافی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں ہیں ۔ شیخ رشید احمد اور گورنر پنجاب کی ملاقات میں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کو فنکشنل کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر نے ہدایات دیں ہیں کہ یونیورسٹی کو جلد از جلد فنکشنل کیا جائے ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی راولپنڈی اور گردونواح کے لاکھوں رہائشیوں کے لئے ایک تحفہ ہے ، آرڈیننس کے اجراکے بعد رواں سال پہلا سیشن شروع کیا جائے گا۔ شیخ رشید نے یونیورسٹی کو فنکشنل کرنے کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب سے الگ ملاقات کی۔ گورنر پنجاب سے ممبر برطانوی پارلیمنٹ فیصل رشید نے ملاقات کی،گورنر پنجاب نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،گورنر سے رکن اسمبلی نعیم ابراہیم ، ندیم بارا اور فیصل آباد بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر سلیم جہانگیر چھٹہ نے بھی ملاقات کی ۔ گورنر نے لاہور سرگودھا روڈ پر واقع ایک فیکٹری میں نیوٹرکو موریناگا کمپنی کے نئے پلانٹ کا افتتاح کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر میاں خالد محمود، ڈپٹی کمشنر سید طارق محمود بخاری ،دیگر اعلیٰ حکام اور جاپا نی انجینئر ز موجود تھے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سرور نے کہا کہ جاپانی فوڈ کمپنی پاکستان میں 5 بلین سے زائد سرمایہ کاری کر رہی ہے جسکی پراڈکٹ مقامی کمپنی کے ذریعے فروخت ہونگی ۔