لاہور(وقائع نگار)گورنرپنجاب چودھری سرور سانحہ ساہیوال کی متاثرہ فیملی کے گھر جاپہنچے ،وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے متاثرہ فیملی کو مکمل تعاون اور انصاف کی یقین دہانی کروائی،ڈرائیور ذیشان کی فیملی سے بھی انکے گھر جا کر ملاقات اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک اور وزیر اعلیٰ کے مشیر اکرم چودھری بھی ساتھ تھے ، گورنر پنجاب چودھری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ساہیوال کے ذمہ داروں کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق ایسی سخت کارروائی کر یں گے کہ آئندہ کسی کو ایسے بے گناہوں کو قتل کر نے کی جرأت نہ ہوسکے ،تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب آج لاہور کے علاقہ اسماعیل پورہ چونگی امر سندھو متاثرہ فیملی کے گھر پہنچے جہاں مقتول خلیل کے بھائی جلیل اور انکے والدکے ساتھ اظہار تعزیت کیا اوراس موقع پر گور نر پنجاب نے نے خصوصی طور پر درخواست کر کے خلیل کے بچوں سے ملاقات کی اور انکو گلے لگا یا اور ان سے بھی واقعہ کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں جس کے بعد گور نر پنجاب ڈرائیور ذیشان کے گھر بھی گئے جہاں انکی فیملی سے ملاقات اور فاتحہ خوانی کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ جے آئی ٹی مکمل آزادی کے ساتھ کام کر رہی ہے جو بھی حقائق ہوں گے وہ سب کے سامنے لائے جائیں گے ۔ قبل ازیں گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر گلگت بلتستان راجہ جلا ل حسین، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید اور صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اخترملک سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ ساہیوال ظلم اور بربریت ہے جس پر پوری قوم صدمے میں ہے ۔ کسی بھی معذب معاشرے میں ایسے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔گور نر گلگت بلتستان سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سیاحت کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے لئے کئی اہم مقامات موجود ہیں۔