لاہور (اپنے خبر نگار سے ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں پنجاب کمیشن برائے حقوق و خواتین کی جانب سے ’’ویمن انوویشن نیٹ ورک ‘‘کا قیام عمل میں آ گیاجس کا مقصد ایسی خواتین کو سہولت فراہم کرنا ہے جن کے پاس کاروبار کے لیے آئیڈیاز کے ساتھ کاروبارکرنے اور فروغ دینے کے لیے مطلوبہ مہارتیں میسر نہ ہوں۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی امریکی قونصل جنرل لاہور الزبیتھ کینڈی ٹروڈو،جبکہ ویمن انوویشن نیٹ ورک کی افتتاحی تقریب سے وزیر برائے محنت وافرادی قوت نعمان کبیر،وزیر برائے انسانی حقوق فیصل مشتاق،چیئرپرسن پنجاب کمیشن برائے حقوق وخواتین فوزیہ وقار اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے خطاب کیا۔ نعمان کبیرکا کہنا تھا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ 32لاکھ کاروباری انٹرپرائزز میں خواتین کی نمائندگی صرف2فیصد سے لیکر3.5فیصد تک ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔فیصل مشتاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری لحاظ سے ترقی کرنے کے لیے ہمارے ہاں خواتین کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مردوں کی نسبت اپنا کاروبار شروع کرنے اور اسے بڑھانے میں انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔