لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ اولیائے اﷲ کی تعلیمات کو فروغ دینے کیلئے فرائض ادا کرتے رہینگے ۔گزشتہ روزعرس داتا گنج بخش کی اختتامی دعا کے بعد پاکستان اور دیگر ممالک سے آئے ہوئے سجادگان، علماء مشائخ کو رخصت کرنے کے موقع پر ’’92‘‘نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے محکمہ کے افسروں اور ملازمین کو عرس کی تقریبات کو کامیاب بنانے پر مبارک اد پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ادب وہ سیڑھی ہے جو کامیابی کی منازل طے کرانے کا سبب بنتی ہے جبکہ بے ادب اور دوسروں کو حقیر جاننے والے رسوائی کا سبب بنتے ہیں۔کام کرنیوالے اور کام دکھانے والوں کوبآسانی لوگ پہچان لیتے ہیں۔ ہم روز اول سے اولیاء کرام ؒ کے جھاڑو کش کی حیثیت سے کام کرنے کی نیت کئے بیٹھے ہیں۔ زائرین کی خدمت کرنیوالے میرے دست و بازو ہیں اور رہینگے ، جبکہ وقف مزارات پر آ کربھی دوسروں کو حقیر جاننے والے خود اپنے انجام کو پہنچ جاتے ہیں، اسلئے ضروری ہے کہ ہم سب اپنی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور اولیائے اﷲ کی تعلیمات کو فروغ دینے ، انکے مزارات سے فیض پانے کی نیت سے اپنے فرائض منصبی ادا کرتے رہیں۔فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے حضرت داتا گنج بخشؒ اور ان جیسے دیگر صوفیاء کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عرس تقریبات کے انعقادکو یقینی بنانے کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امورڈاکٹر طاہر رضا ،خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی، پرنسپل جامعہ ہجویری بدر الزمان ، ڈائریکٹر فنانس ملک عبد الوحید ،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار بابر سلطان گوندل، منیجرز شیخ جمیل، طاہر مقصود، نعمان سیفی، شفقت عباس ، داتا دربار میں تعینات سٹاف ، لنگر کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیوں میں شامل افراداور بالخصوص الحاج تبریز محمود چشتی اور انکے 422رضا کاروں کی دن رات کی محنت شامل ہے ۔ امور مذہبیہ کمیٹی کے چیئر مین اور ممبرز نے بھی عرس کے انعقاد کیلئے بھر پور کردار ادا کیا ۔