لاہور،پشاور(جنرل رپورٹر،خبر نگار)ڈینگی سے خیبرپختونخوا 22اورپنجاب میں 34افراد متاثر ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق پنجاب میں 34نئے مریض سامنے آئے جبکہ 50مریض ڈسچارج ہوئے ہیں ۔راولپنڈی 10، لاہور 21 ، سرگودھا 2 اور جھنگ میں ایک کیس سامنے آیا۔صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 2مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 191639ان ڈور اور57842آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ243مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر11کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ 01افراد کو گرفتار کیا گیاڈینگی لاروا کی موجودگی پر720افراد کو وارننگ جاری کی گئی۔ادھر صوبہ میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال اور ماضی کے تجربات کی روشنی میں ڈینگی کی روک تھام اور مقامی سطح پر مانیٹرنگ اینڈ امپلیمنٹیشن کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کی تشکیل نو اورایس او پیز پر نظرثانی کا فیصلہ کیاگیا جس کیلئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) عثمان نے کور کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی رپورٹ 25نومبر تک پیش کرے گی۔ادھر خیبر پختونخوا میں 24گھنٹوں کے دوران 22افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو ئی جس سے صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثر ہ افراد کی تعداد 6ہزار939تک پہنچ گئی۔