ملتان ، لاہور ( سٹاف رپورٹر، جنرل رپورٹر، خصوصی نمائندہ، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول نے کہا ہے پیپلزپارٹی عوام دوست منشور لے کر آئی ہے ،ہم بے روزگاری اورغربت کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرتے ہیں۔ ملتان میں خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا ملتان کے عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے ، ملتان میں ترقی پیپلزپارٹی کے دور میں ہوئی تھی ،ہمارے دورمیں کسان خوشحال تھے ،اقتدار میں آکر کسان کارڈ جاری کریں گے ۔پیپلزپارٹی بھوک مٹائوپروگرام لے کر آئے گی جس کے تحت فوڈکارڈ جاری کریں گے ،فوڈ کارڈ کے ذریعے اشیاکم ریٹ پردستیاب ہوں گی،ہم غربت مٹائوپروگرام پھیلائیں گے ۔ انہوں نے کہا انتظامیہ ہماری ریلی روکنا چاہتی تھی مگر ہم پیپلز پارٹی والے ہیں ہمیں کراچی میں پتھرائو نہیں روک سکا، اوچ شریف والے نہ ملتان والے روک سکتے ہیں۔ اپنی پہلی الیکشن کمپین پر نکلا ہوں ، گالم گلوچ نہیں کرتا ۔اس شہر نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں ہم نے اس صوبے کے مسائل حل کرنا ہیں ۔ ہمیں یو ٹرن کی حکومت چاہیے اورنہ ہی شیر کی ۔ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے غربت کا مقابلہ کیا ۔ ہم نوجوانوں کے لیے گھر بنائو سکیم شروع کریں گے اگر ہمیں حکومت ملی تو بینظیر انکم سپورٹ کو ڈبل کریں گے ۔ قبل ازیں بلاول کی انتخابی ریلی پیپلز سیکرٹریٹ بلاول ہائوس ملتان سے روانہ ہوئی ،سیداں والا بائی پاس پر مقامی رہنماوں نے ریلی کا استقبال کیا۔ ریلی مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے بہاولپور بائی پاس چوک پر پہنچی جہاں بلاول نے شرکا سے خطاب کیا۔ ملتان سے جنرل رپورٹر کے مطابق بلاول کو ملتان میں ریلی کی اجازت نہ ملی۔ دریں اثنا بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول نے کہا رکاوٹوں کے باوجود بھی انتخابی مہم جاری رکھیں گے ۔فیصل آباد سے نیوز رپورٹر کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے غلام محمد آ باد میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست لوگوں نے ہمارا ساتھ چھوڑ دیا ہے ، عوام فیصلہ کریں کہ ملکی مستقبل کی بات کون کر رہا ہے ، ہمیں اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بناناہے ۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو جنوبی پنجاب کے چار روزہ دورے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور چلے گئے ، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ بلاول بھٹو لاہور میں آج پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔