لاہور (پ ر ) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں گزشتہ روز ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب کے اشتراک سے جامعہ میں قائم ہونے والے ویمن ڈویلپمنٹ سنٹر کی افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کی جبکہ مہمان خصوصی وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشری مرزا (تمغہ امتیاز) تھیں۔ تقریب میں خواتین اساتذہ اور طلبہ سمیت ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، حکومت پنجاب کے نمائندگان نے بھی خصوصی شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ بلاشبہ عورت معاشرے کی وہ بنیادی اکائی ہے ، جس کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ خواتین کو تعلیم و تربیت کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں۔