لاہور(کامرس رپورٹر)یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خوردونوش کی شدید قلت کا سامنا ، شہری سستی چیزیں خریدنے سے محروم ہو گئے ۔ شہر کے تمام یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا، چینی، دالوں اورگھی کی قلت پید ا ہو گئی جبکہ ڈالڈا کی قیمت میں تین رو پے فی کلو گرام اضافہ کر دیا گیا ۔ یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے اور شہر کے یوٹیلٹی سٹور میں طلب کے مطابق رسد یقینی نہیں بنائی جا سکی۔ جس وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر آنے والا آٹا لاہور کے شہریوں کی ضروریات پوری کرنے میں قاصر ہے اس کے علاوہ چینی بھی ضرورت کے مطابق نہیں ملتی جبکہ دالوں اور گھی مکمل طور پر سپلائی نہیں کئے جا رہے جس وجہ سے شہریوں کو اشیائے خورونوش ریلیف پر مہیا نہیں ہے ۔اس کے علاوہ ٹوتھ برش 14 سے لیکر 35 روپے مہنگا کر دیا گیا۔ ٹوٹھ پیسٹ کی قیمت میں 5 سے لیکر 20 روپے تک اضافہ، کاجو 200 گرام 24 سے لیکر 47 روپے تک مہنگا کر دیا گیا۔ سرخ مرچ پسی ہوئی کی قیمت میں 73 روپے تک اضافہ، ملک چاکلیٹ کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ، شوینگ کریم 20 روپے تک مہنگی کر دی گئی۔ شہریوں نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر سستی اشیا کی فراہم یقینی بنائی جائے ۔