لاکاڑنہ(نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ،این این آئی) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زر داری نے ایچ آئی وی کے متاثرین کو زندگی بھر علاج کی سہولت دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری کو پھیلنے سے روکنے کے لئے مرض کی زد میں آنے والوں کے لئے علاج کی سہولت پہنچانی ہوگی ،ایچ آئی وی کے متاثرہ بچے اور والدین کے نام منظر عام پر نہ لائے جائیں، متاثرین کے نام منظر عام پر لانا برداشت نہیں کرینگے ۔ ہفتہ کو بلاول زرداری کی سربراہی میں نوڈیرو ہائوس لاڑکانہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایچ آئی وی پر قابو پانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ایچ آئی وی سزائے موت نہیں، اس کا علاج ہوسکتا ہے ، ایچ آئی وی کے متاثرین کو زندگی بھر علاج کی سہولت دی جائے گی۔ قبل ازیں بلاول زرداری لاڑکانہ میں تعلقہ ہسپتال رتو ڈیرو پہنچے ، ایچ آئی وی سکریننگ کیمپ میں مریضوں سے ملاقات کی۔بلاول نے ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے والدین کو حوصلہ دیا اور کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ علاوہ ازیں بلاول نے کہا ہے عمران خان بلیک میلنگ کی سیاست کررہے ہیں،وزیراعظم نیب کو دھمکی اوربلیک میلنگ سے چلانا چاہتے ہیں،پرویزخٹک کی بات آئی تووزیراعظم بلیک میلنگ پر اترآئے ،ہرغلطی کرپشن نہیں ہوتی،نیب کا قانون آمرکابنایاہوا کالاقانون ہے ،کوئی فرشتہ بھی چیئرمین نیب بنادیں وہ قانون ہی ایساہے کہ سیاسی انجنیئرنگ ہوگی، ابتک مہنگائی کی وجہ صرف حکومت کی نااہلی ہے ،حکومت کی نالائقی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔