لاہور(جنرل رپورٹر)گرمی کی موجودہ لہر کو پیش نظر رکھتے ہوئے شہریوں کو تیز دھوپ اور سخت موسم میں ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے مناسب حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کو یقینی بنانا چاہیے اور ننگے سر تیز دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کرنا چاہیے ،لاہور جنرل ہسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر آف میڈیسن ڈاکٹر اسرار الحق طور نے لوگوں کی آگاہی کیلئے بتایا ہے کہ تیزدھوپ اورگرمی کے باعث جسم پر آنے والا پسینہ اگر حد سے بڑھ جائے تو جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے اس سے ہیٹ سٹروک میں مبتلا ہونے کے باعث گردے ، دماغ اور دل بلا واسطہ طور پر متاثر ہوتے ہیں جس سے بعض حالات میں موت بھی واقع ہو سکتی ہے ۔انہوں نے ہیٹ سٹروک کی علامات بتاتے ہوئے کہا کہ بخار ،متلی ،الٹی ، سر درد،چکر،غنودگی ، بے ہوشی او ر جھٹکے ظاہر ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر اسرار الحق طور نے ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے پانی اور دیگر مشروبات کے زیادہ استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نمکول ،لیموں پانی اور لسی جیسے محلول استعمال کریں ،اسی طرح غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کریں اگر ضروری کام سے جانا بھی ہوتو کام کے دوران وقفہ کر کے سایہ دار اور ہوا دار جگہ پر آرام کریں ،ڈاکٹر اسرار الحق طور نے مزید کہا کہ شہریوں کو ہیٹ سٹروک کی شکل میں فوری طور پر ہسپتال اور ڈاکٹر سے رجو ع کرنا چاہیے۔