سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں،جن میں پاکستان اور سعودی عرب نے ملکر کام کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور سعودی عرب برادر اسلامی ملک ہیں ،جو باہمی اخوت،بھائی چارے اورپیار ومحبت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں ۔اسی بنا پر پاکستان سعودی عرب کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مضبوط تاریخی، اسٹرٹیجک اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں،اسی بنا پر پاکستان کو سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا انتظار ہے ۔سعودی ولی عہد نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر عملدرآمد کے لیے حکومت پاکستان انتظا رمیں ہے کیونکہ اس سرمایہ کاری کے ساتھ ہی پاکستانی معیشت کی مضبوطی کی ابتدا ہو گی ۔سعودی ولی عہد کے اصرار پر ہی حکومت پاکستان نے بیرونی سرمایہ کیلئے ایک کونسل بنا دی ہے جبکہ بیورو کریسی کے کردار کا خاتمہ کر دیا ہے ۔اس سرمایہ کاری کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔اب بھی پاکستان سعودی عرب کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جبکہ سعودی عرب نے بھی ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔