روزنامہ 92نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں منشیات کنٹرول اور اس کے متعلق مقدمات کی تفتیش کے لئے محکمہ ایکسائز ‘ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے ماتحت لاہور میں پہلا پولیس سٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تھانے میں ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے افسران تعینات ہونگے ۔ اس میں شبہ نہیں کہ پولیس کا اصل کام جرائم کی بیخ کنی ہے اورمنشیات کنٹرول کرنے کے لئے پولیس سٹیشن کا قیام بھی احسن اقدام ہے لیکن تھانے میں ایکسائز ٹیکسیشن نارکوٹکس کنٹرول کے افسران کا تقرر سمجھ سے بالا ہے۔ اس سے مترشح ہوتا ہے کہ ایکسائز ‘ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے عملہ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں اور پولیس کو مختلف کاموں میں الجھا کر اسے اس کی اصل ذمہ داریوں سے ہٹایاجا رہا ہے ۔ دیکھا جائے تو فی زمانہ پولیس کا سیاسی استعمال ہی باقی رہ گیا ہے، جس طرح یہاں اس کا سیاسی استعمال کیا جاتا ہے اس کی نظیر دوسرے ممالک میں کم ہی ملتی ہے۔ پولیس سیاسی نہیں خادم ہونی چاہیے جو سب کے لئے برابر ہو ، یہ عوام کی خدمت کا محکمہ ہے اسے مختلف کاموں میں الجھا نا یا تقسیم کرنامعاشرے میں جرائم کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہے ۔ پولیس کا کام جرائم کا خاتمہ ‘ مجرموں کے چالان عدالتوں میں پیش کرنا ، ان کو سزا دلوانا ہے اور بے سہاروں کو انصاف دلانا ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے ہر محکمہ اورادارہ اپنا بوجھ خود اٹھائے اور پولیس کے سیاسی ،غیر مفید استعمال کو روکا جائے۔