لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے تمام ڈویڑنل کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ اضلاع میں چوبیس گھنٹے کے اندراشیاء ضروریہ کے نرخوں کا ازسر نو تعین کر نے کے بعدقیمتوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنا یا جائے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے پرائس کنٹرول کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دو گھنٹے طویل اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول اکرم چوہدری، سیکرٹری لائیو سٹاک، اطلاعات، چیئرمین پی آئی ٹی بی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،کمشنر لاہور ڈویڑن اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ جبکہ ڈویڑنل کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس اہم معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔