کیلیفورنیا ی (اے پی پی) امریکہ کی ایک عدالت نے غیر قانونی تار کین وطن کی ملک بدری روک دی ۔ ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کی وفاقی عدالت کے جج ڈانا سیبرو نے اپنے حکم میں حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایک ہفتے کیلئے ان خاندانوں کی ملک بدری روک دے اور اس عرصے کے دوران ملک میں شہری حقوق کے لیے سرگرم ایک غیر سرکاری تنظیم کی شکایت کا جواب جمع کرائے ۔امریکن سول لبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) کا کہنا ہے کہ اسے ان اطلاعات پر سخت تشویش ہے کہ امریکی حکام غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کے الزام میں حراست میں لئے جانے والے بالغ افراد اور ان کے ساتھ آنے والے بچوں کو آپس میں ملانے کے فوراً بعد ملک سے بے دخل کر رہے ہیں۔تنظیم نے عدالت میں مئوقف اختیار کیا کہ ان خاندانوں کے افراد کو ایک دوسرے سے ملانے کے بعد کم از کم ایک ہفتے کا وقت دیا جانا چاہیے ۔اسی غیر سرکاری تنظیم کی درخواست پر گزشتہ ماہ جج ڈانا سیبرو کی عدالت نے حکومت کو پانچ سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو 10 جولائی تک اور ان سے بڑی عمر کے تمام بچوں کو 26 جولائی تک ان کے والدین سے ملانے کا حکم دیا تھا۔ ملک بدری