مکرمی !اسلامی تعلیمات میں تمام انسانیت کی خدمت ایک مقدس فریضہ ہے۔ نماز، روزہ، زکوۃ، حج کے بعد سب سے افضل اور فرض حقوق العباد کی ادائیگی ہے ۔اسلام خدمت خلق میں رنگ ونسل اور مذہب کا امتیاز نہیں رکھتا ۔پڑوسی کے حقوق ہویا مریض کی عیادت ،مسافر کے حقوق ہوں یا ادائیگی زکوۃ ،کسی قسم کے حقوق العباد میں مسلمان اور غیر مسلم کا فرق نہیں رکھا گیا۔اسلام میں کسی ایک شخص کی جان کو بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے برابر ہے۔آج نفسانفسی کا یہ عالم ہے کہ انسان ہی انسان کو کاٹ کھا رہا ہے ۔آج کہیں کوئی حادثہ ہوجائے تو لوگ متاثرین کو بچانے کی بجائے اس کو لوٹ لیتے ہیں اخبارات ایسے بے شمار واقعات سے بھرے پڑے ہیں ۔بے شک حقوق اللہ کی معافی ممکن ہے مگر حقوق العباد کی معافی نہیں ۔ اگر کوئی غیر مسلم بھی ہمدردی اور مدد کا مستحق ہو تو اس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ انسانیت کی خدمت کرنیوالے اللہ تعالیٰ کے خاص اور پسنددیدہ بندے ہوتے ہیں ۔ (بشریٰ شیخ)