لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پہلے ون ڈے میچ سے قبل انگلینڈ کی پوری ٹیم کے تبدیل ہونے سے ہماری تیاری میں بھی فرق پڑا ہے تاہم ہمارے اینالسٹ نے تیزی سے کام کیا ہے اور ہم نے نئے کھلاڑیوں کے خلاف حکمت عملی تیار کر لی ہے ,ہم اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں کریں گے ۔ مثبت انداز میں کرکٹ کھیلیں گے اور جیتیں گے ۔پہلے ایک روزہ میچ سے قبل کارڈف میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہو ئے بابر اعظم نے کہا کہ جو صورتحال پیدا ہوئی یہ کوئی آئیدیل نہیں تھی اور اس صورتحال میں ٹیم کے تبدیل ہونے سے مایوسی ہو ئی ہے ۔انہوں نے کہا ہم پروفیشنل ہیں اور اس طرح کی چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پہلے میچ پر فوکس ہے اور مثبت انداز سے میدان میں اتریں گے ۔بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے لیے سیریز بڑی اہم ہے ۔ ورلڈ سپر لیگ کی سیریز ہے ہم نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنا ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم میں نئے لڑکے ہیں لیکن ہم انہیں جانتے ہیں ہمارے اینالسٹ کو بہت جلد کام کرنا پڑا ہے ہم نے پلان جن کھلاڑیوں کے لیے تیار کیا ہے اب وہ کھلاڑی تبدیل ہو گئے ہیں اب نئے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہمارے اینالسٹ نے نیا پلان دیا ہے ۔ ہمارے فوکس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انگلینڈ کی نمبر ون ٹیم ہے آسان نہیں سمجھ سکتے ۔