لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،اپنے رپورٹر سے ) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب میں 30 ستمبر کے بعد جس ڈویژن یا ضلع میں کوئی بے نامی جائیداد سامنے آئی تو متعلقہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوگا لہٰذا پنجاب میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن تک بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کا کام مکمل کر لیا جائے ۔سول سیکرٹریٹ میں صوبائی انسداد بے نامی ٹرانزیکشنزکمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نامی جائدادوں کی نشاندہی کے لیے وسیع تشہیر کے ذریعے عوام کا تعاون بھی حاصل کیا جائے اورمقررہ اہداف کے حصول کیلئے پنجاب کے افسران ایف بی آر کے متعلقہ افسران کے ساتھ موثر رابطہ رکھیں۔ قبل ازیں ایف بی آر کے افسران نے بے نامی ایکٹ، معلومات کے حصول اور رپورٹنگ کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے ضلع لاہور، قصور، شیخو پورہ ، ننکانہ کی انتظامیہ کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا ۔ مراسلہ کے تحت ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے ، چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ کولیکٹرز کو 30ستمبر تک رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔