لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ اسرائیل کا ایران کے ایٹمی سائنسدان کو قتل کرنا بدترین ریاستی دہشتگردی ہے ۔اِس بھیانک دہشت گردی پر امریکہ اور یورپ کا خاموش رہنا یہ ثابت کرتا ہے کہ ایک عرصہ سے دہشت گردی کا رونا رونے والے یہ نام نہاد مہذب ممالک درحقیقت دہشت گرد اسرائیل کے پشت پناہ ہیں۔ ایٹمی صلاحیت کے حامل یہ تمام ممالک مزید کسی مسلمان ملک کو بطور ایٹمی قوت نہیں دیکھنا چاہتے ۔ علاوہ ازیں وہ ایسی کارروائیوں سے عرب اور عجم میں اختلافات کو مستقل دشمنی میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ جوابی کارروائی کرنا ایران کا حق ہے لیکن وہ اِس بات کا خیال رکھے کہ یہ کارروائی صرف اِن اسلام دشمن قوتوں کیخلاف ہونی چاہیے جو براہِ راست اِس میں ملوث ہیں۔