واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی،آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں اگر ہماری فوج پر حملہ ہوا تو تہران کو بہت بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ٹرمپ نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ معلومات اور اندازے کے مطابق ایران یا اسکے اتحادی امریکی افواج پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔امریکہ کے 32 ارکینِ کانگریس نے ایران پر عائد پابندیاں معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا جبکہ مائیک پومپیو نے بھی پابندیاں نرم کرنے کا عندیہ دیا ہے ۔برنی سینڈرز سمیت دیگر ارکان کی طرف سے امریکہ کے وزیرِ خارجہ اور وزیرِ خزانہ کو خط لکھا گیا ہے ارکانِ کانگریس کا اپنے خط میں کہنا ہے کہ سخت پابندیاں ایران میں کورونا وائرس کی پھیلی ہوئی وبا سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ ہیں،کانگریس ارکان کا یہ بھی کہنا ہے ایران سے امریکہ کا تنازع کورونا کی وبا سے پریشان معصوم لوگوں کی مدد میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے ۔دریں اثنا امریکہ نے ایران پر عالمی پابندیاں ہٹانے کا عندیہ دے دیا ،صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہم ہزاروں افراد کو کھونے جا رہے ہیں۔ امریکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکہ ایران پر پابندی میں نرمی پر از سر نوغور کر سکتا ہے لیکن امریکہ کی پابندیاں خوراک اور ادویات پر نہیں ہیں۔دوسری جانب ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے خلاف پابندیوں میں استثنیٰ کی تجدید کر دی، روس، یورپی اور چینی کمپنیاں ایران کی سول ایٹمی سرگرمیوں میں اپنی معاونت جاری رکھیں گے ۔