لاہور ( اپنے رپورٹر سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے حکم پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے شہر کی اہم شاہرات اور مختلف ہاؤسنگ سکیموں کی اندرونی سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل نے سڑکوں کی مرمت و بحالی کے کاموں کی ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے صبح سات بجے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ شروع کیا ۔ انہوں نے گلبرگ‘گارڈن ٹائو ن‘ جوہر ٹائو ن اور دیگر علاقوں میں سڑکوں کے پیچ ورک اور مرمت و بحالی کے لیے تجویز کئے جانے والے مقامات کا موقع پر جا کر معائنہ کیااور ہدایت کی کہ اس سلسلے میں تخمینہ جات دو دن کے اندر اندر تیار کئے جائیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے پیدل سڑک پار کرنے والوں کے لئے اوور ہیڈ پلوں کی تعمیر کے لئے تجویزکردہ مقامات کا بھی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر چیف انجینئر مظہر حسین خان ‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ دریں اثنا لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان معظم نے دو افسروں کو اضافی چار ج دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ون محمد خرم یعقوب کو ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو اور ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی فہد انیس قریشی کو ڈائریکٹر ایونیو ون کا اضافی چارج دے دیا ہے ۔