لاہور(اشرف مجید)بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈیوں کے عہدیداران اور مارکیٹ کمیٹی کے درمیان تجاوزات کے معاملے پر ٹھن گئی ،عہدیداران کی جانب سے فوری شاہراہوں سے تجاوزات ہٹانے کیلئے ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے دو روز میں تجاوزات ختم کرانے کا اعلان کر دیا جبکہ لڑائی کا گڑ 4کنال کے پلاٹ کا آئندہ سالانہ ٹھیکہ کرنے کی بجائے وہاں چار مزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرانے کی تجویز دے دی ۔تفصیلات کے مطابق بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈی کے باہر مین سڑک پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے تجاوزات قائم کرا دی گئی تھیں جس نے ٹریفک کی آمدورفت کو بے حد متاثر کر دیا ہے اس صورت حال پر سٹی ٹریفک پولیس کے افسران پریشان تھے جبکہ فروٹ منڈی کے صدر چودھری ظہیر اور سبزی منڈی کے صدر چودھری اعجاز کی جانب سے بھی مارکیٹ کمیٹی کو اس تجاوزات پر متعدد بار درخواستیں دی گئی تھیں گزشتہ روز اس حوالے سے اہم میٹنگ ہوئی جس میں مارکیٹ کمیٹی کے چیئر مین ملک وقار ،فروٹ منڈی کے صدر چودھری ظہیر ،سبزی منڈی کے صدر چودھری اعجاز سمیت سٹی ٹریفک پولیس ڈی ایس پی ،ٹی ایم او سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔جس میں مارکیٹ کے عہدیداران نے تجاوزات کا ذمہ دار چیئر مین مارکیٹ کمیٹی ملک وقار کو ٹھہرایا اور کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے تجاوزات کی آڑ میں بھاری رقم اکٹھی کی جا رہی ہے جو نہ صرف غیر قانونی ہے ے جس پر مارکیٹ کمیٹی کے چیئر مین کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وہ خود تمام تجاوزات دو روز میں مکمل ختم کرا دیں گے اور اس کو قائم کرانے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ، میٹنگ کے دوران فروٹ منڈی کے صدر چودھری ظہیر کی جانب سے مارکیٹ کے اندر موجود چار کنال کے پلاٹ جہاں پر گاڑیوں کے سٹینڈ کے نام پر دیگر کام ہوتے ہیں کی آئندہ نیلامی نہ کرانے کے بارے میں کہا کہ اس پلاٹ کی نیلامی کے دوران ہر سال متعدد لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوئے ہیں اور اس سال میں ہونگے لہذا مارکیٹ کمیٹی کو چائیے کہ اس پلاٹ کی جون میں نیلامی کرانے کی بجائے اس پر چار مزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرائے جہاں پر موٹر سائیکل و کار پارکنگ بن سکے تا کہ مین روڈ پر بھی گاڑیاں کھڑی نہ ہوں اور ٹریفک کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہو جائیں جس پر دیگر افسران کی جانب سے بھی اس پررضا مندی کا اظہار کیا گیا ۔مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے وعدہ کیا گیا کہ اس حوالے سے سمری بنا کر کمشنر کو بھیجی جائے گی ، میٹنگ میں تاجر عہدیداران کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ جب سے نئی مارکیٹ کمیٹی بنی ہے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے جو کورونا کے بڑھنے کا بھی سبب ہے لہذا اگر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے تاجروں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات درست نہ کئے گئے تو حالات مذید خراب ہو سکتے ہیں ۔