لاہور(سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو اپنے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے ساتھ ساتھ بجلی سے متعلق شکایات کے بروقت ازالہ کو ہر صورت ممکن بناتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب اور سیکرٹری توانائی عرفان علی کی ہدایت پر لیسکو ریجن میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کامیابی سے جاری ہے ۔لیسکو کے آٹھوں سرکلز میں کھلی کچہریوں کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں جنہیں لیسکو کے صارفین کی جانب سے بے انتہا پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ لیسکو کے صارفین کو اپنے متعلقہ سرکل میں بروز ہفتہ منعقد کی جانے والی کھلی کچہریوں کی بابت پیشگی اطلاع بذریعہ میڈیا اور پینا فلیکسز دی جاتی ہے ۔ادھر نادرن سرکل میں ایس ای عترت حسین کی زیر نگرانی ایس ڈی او شاد باغ سب ڈویژن حافظ ضرار عمرنے اپنے اسٹاف اور ڈویژنل ٹاسک فورس کے ہمراہ اکرم پارک ، شاد باغ زیڈ بلاک اور راجپوت پارک کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران تین بجلی چور ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کر رہے تھے جبکہ ایک میٹر باڈی ری پیسٹ اور ایک میٹر ٹیمپرڈ پکڑا گیا۔آپریشن کے دوران کنکشن منقطع کر دئے ے گئے اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی گئیں اور ساتھ ہی ساتھ18000یونٹس بجلی چوری کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔