بورے والا(تحصیل رپورٹر)تھانہ سٹی پولیس نے ڈکیتی، چوری، راہزنی اور سٹریٹ کرائم میں ملوث خطرناک جرائم پیشہ افراد پر مشتمل دو بین الاضلاعی گروہوں کے پانچ ارکان کو گرفتار کر لیا،ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا جدید اسلحہ،لوٹی گئی رقوم،زیورات،موٹر سائیکل،موبائل فون،ٹی وی، لیپ ٹاپ اور قیمتی سامان برآمد کر لیا،ملزمان بورے والا میں 13 مختلف مقدمات کے علاوہ دیگر اضلاع کی کئی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں اس امر کا انکشاف اے ایس پی آصف رضا نے پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔اس موقع پر ضلعی صدر انجمن تاجران محمد جمیل بھٹی،سابق کونسلر بلدیہ رانا شاہد علی اور دیگر نمائندہ شہری بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ناصر عرف ناصری گینگ کے سرغنہ محمد ناصر گھمن سکنہ 483(ای بی)،عدنان عرف کالا اور محمد نوید عرف ندیم سکنہ 495(ای بی) کے خلاف تھانہ سٹی میں ڈکیتی چوری، راہزنی اور ناجائز اسلحہ کے (5)مقدمات درج ہیں یہ گروہ 2017 کے دوران تھانہ شیخ فاصل کے علاقہ میں 89 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات میں بھی ملوث تھا جن سے لوٹی گئی رقم برآمد کی جارہی ہے جبکہ دوسرے گینگ میں انکے سربراہ الطاف عرف طافی اور اسکے ایک ساتھی اکبر علی انصاری سکنہ فیصل آباد کو گرفتار کر کے انکے قبضہ سے بھی لوٹی ہوئی رقوم، زیورات، ناجائز اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فون اور دیگر لوٹا ہوا قیمتی سامان برآمد کر لیا ان گروہوں سے 4 لاکھ 52 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا ہے الطاف عرف طافی گروہ بورے والا تھانہ ماڈل ٹائون اور سٹی کے 8 مقدمات میں ملوث ہے ۔