لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے پنجاب میں تمام بھٹوں کو فوری طور پر نئی زگ زیگ ٹیکنالوجی پرمنتقل کرنے اور اس بارے میں محکمہ ماحولیات کو ٹائم لائن دینے کے لیے ہدایت کی ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب میں پرانی ٹیکنالوجی والا کوئی بھٹہ بھی بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھٹے گزشتہ سال پرانی ٹیکنالوجی پر بننا شروع ہوئے تھے ان کو دوبارہ چیک کیا جائے گااور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمحکمہ تحفظ ماحولیات کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں نئی ٹیکنالوجی پر منتقل شدہ بھٹوں کے اعدادوشمار کا بھی جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری تحفظ ماحولیات اسد گیلانی نے صوبائی وزیر کو بتایاکہ پنجاب میں اب تک213بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں اوربھٹوں کو ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ تمام صورتحال کو خود مانیٹر کریں گے اور ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔