لاہور(سٹاف رپورٹر )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں کے مقابلہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی بھائی چارے اور امن کیخلاف سازش اور مذموم اقدام قرار دیدیا اور کہا کہ ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنا انسانی حقوق کی نفی ہے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہاکہ مذہبی مقدس ہستیوں کیخلاف نفرت انگیزی ہر گز ہر گزآزادی اظہار نہیں ۔اس وقت دنیا جنگ کے دہانے پر ہے ،تہذیبوں کے کسی نئے تصادم کو روکنا ہو گا،اس حوالے سے اقوام متحدہ ،یورپی یونین اور او آئی سی کردار ادا کرے ۔ انسانی حقوق کا احترام یہ ہے کہ مقدس ہستیوں،مذاہب کا احترام کیا جائے اور دنیا کو کسی نئے تصادم کی طرف جانے سے روکا جائے ۔خاکوں جیسے مذموم فعل پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں تشویش اور اشتعال بڑھ رہا ہے ۔ بارود کی بو سے اٹی فضاؤں کو امن،محبت اور عالمی بھائی چارے کی خوشبو سے بدلا اور مزید خون بہنے سے روکا جائے ۔دریں اثنا امریکہ کے شہرڈیلاس میں امریکی نوجوان سی جے ہومی نے ڈاکٹر طاہر القادری کے ہاتھ پر اسلام قبول کر لیا۔ طاہر القادری نے نوجوان کو مبارکباد دی ۔