لاہور(سپیشل رپورٹر)لاہور پولیس کے زیراہتمام تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کے لئے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں بلڈ کیمپ لگایا گیا۔ رضاکارانہ خون کا عطیہ دینے کے لئے اس بلڈ کیمپ کا انعقاد لاہور پولیس اور سندس فائونڈیشن کے درمیان ایم او یو کے تحت ہوا۔ پولیس لائنز آمد پر تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پولیس دستے نے سندس فائونڈیشن سے آئے بچوں کو گارڈ آف آنرز پیش کیا۔ تھیلیسمیا سے متاثرہ بچوں کی یادگار شہدا پر حاضری، پھول چڑھائے ۔ سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے بچوں میں گلدستے اور تحائف تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان، سی ٹی او کیپٹن (ر) ملک لیاقت، ایس ایس پیز ذیشان اصغر، اطہر وحید، اسماعیل کھاڑک، معروف اداکار خالد عباس ڈار، سندس فائونڈیشن کے عہدیداروں اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔ بچوں کو پولیس کے موٹر سائیکلوں اور کاروں پر بیٹھنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ سی سی پی او نے رضاکارانہ طور پر عطیہ خون دینے والے پولیس کے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے اعلان کیا کہ خدمت انسانیت میں پیش پیش جوانوں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیں گے ۔