پرتھ (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ آ ج پرتھ میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی دو میچوں میں ناکامی کے بعد تیسرے میچ میں پاکستانی ٹیم میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹی 20 میچ میں باران باران رحمت خوب برسی جس کی وجہ سے پاکستان یقینی شکست سے بچ گیا۔دوسرے میچ میں بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار نصف سنچریوں کے باوجود پاکستانی باؤلرز 150 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے ۔ سٹیون سمتھ نے 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پاکستان سے فتح چھین لی ۔ قومی ٹیم نے ایک روز آرام کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیر نگرانی نیٹ پریکٹس کی۔ پاکستانی ٹیم میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔ مسلسل ناقص کارکردگی دکھانے والے فخر زمان کی جگہ امام الحق ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ ایک اور بیڈ پرفارمر آصف علی کی جگہ خوشدل شاہ کے ڈیبیو کا امکان ہے ۔ناقص پرفارمنس پر تجربہ کار فاست باؤلر محمد عرفان کی جگہ محمد حسنین کی فائنل الیون میں شمولیت کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے حارث سہیل کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ میزبان ٹیم میں پیٹ کمنز کی جگہ شین ایبٹ کی شمولیت کا امکان ہے ۔گرین شرٹس نے پرتھ میں بھرپور ٹریننگ سیشن کیا ، فیلڈنگ کی پریکٹس کی ، بولنگ اور بیٹنگ میں بھی جان لگائی۔میچ پاکستان وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔