لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن نے قیام پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علامہ اقبالؒ کی سوچ اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے ۔ علامہ اقبالؒ نے مسلمانان برصغیر پاک و ہند کی آزادی اور خودمختار ریاست کا خواب دیکھا جو قائداعظمؒ کی بے مثال قیادت میں شرمندہ تعبیر ہوا۔ تحریک آزادی کے مجاہدوں نے خون کے نذرانے دے کر علیحدہ وطن حاصل کیا۔ آج بھی اسی اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940 کو دیکھنے میں آیا۔ ہمارا فرض ہے کہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کی تکمیل کیلئے دن رات ایک کردیں۔ہمارے آبائو اجداد نے جو قربانیاں دیں وہ اس بات کی متقاضی ہیں کہ ہم آزادی کے حقیقی مقاصد حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا۔ 23مارچ کا دن تحریک آزادی کے مجاہدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ۔23 مارچ 1940 والے جذبے ، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے ۔