لاہور (سٹاف رپورٹر)جامعہ اسلامیہ سراج العلوم میں حضرت مفتی مختار احمددرانی کے زیر قیادت جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں71ویں سالانہ چھ روزہ تقریبات گزشتہ دن اختتام پزیر ہوگئی۔اختتامی نشست کی صدارت دیوان سیدی آل حبیب علی خان سجادہ نشین اجمیر شریف نے کی۔جبکہ پیر سید محمد مظہر سعید شاہ صاحب کاظمی مہمان خصوصی تھے ۔تحریک لبیک یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیک و سلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظام مصطفیﷺ کی حکمرانی اور ناموس مصطفی ﷺ کی پاسبانی کی لگن ہی مقصد حیات ہے ۔12ربیع الاول شریف کائنات کے ایک سروری انقلاب کا نام ہے ۔حضرت محمد مصطفی ﷺ ہر صدی ہر علاقے ہر قوم کیلئے اجالا لیکر تشریف لائے ۔آپ نے صرف انسانی حقوق ہی نہیں بلکہ جانوروں کے حقوق کو بھی اجاگر کیا۔آ پ نے نظام زندگی اور بندگی کے تمام احکام بیان کیے ہیں آپ کا بیان کردہ طریق حیات حتمی طور پر باعث نجات ہے ۔آ پ کے نقش قدم میں زندگی کا سراغ ہے ۔کانفرنس میں پروفیسرسعید احمد سعیدی اور حضرت خواجہ قطب الدین فریدی نے بھی خطاب کیا ۔