لاہور( جنرل رپورٹر )نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد نے لاہور جنرل ہسپتال کی لیبارٹری کے معیار کو بہترین قرار دیتے ہوئے "ایکسٹرنل کوالٹی اسیسمنٹ"کے لئے خون کے 10نمونوں کے نتائج کو 100فیصد درست قرار دے دیا اورادارے کے لئے تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا،جس میں اس بات کا اظہار اطمینان کیا گیا کہ جنرل ہسپتال کی لیبارٹر ی کے حساس ترین ٹیسٹوں کے نتائج عالمی معیار کے مطابق اور مکمل طور پر قابل اعتماد ہیں۔خون کے ٹیسٹوں میں سارس،کووڈ 2، بی وائی آر ٹی،پی سی آر شامل تھے جبکہ ادارے نے ملک بھر کے ہسپتالوں کا جائزہ لیا اور ایل جی ایچ کی لیبارٹری کے نتائج کو تہنیتی کلمات میں سراہا۔پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس اعزاز پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔