لاہور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں منگل کو ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لئے 17 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اوپنرعبداللہ شفیق،مڈل آرڈڑ بیٹسمین کامران غلام اور سلمان علی آغا پہلے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے ، تاہم یہ تینوں سکواڈ کے ساتھ ہی رہیں گے ، فائنل الیون کا فیصلہ کپتان اور ہیڈ کوچ مشاورت سے کریں گے ۔ عبد اللہ شفیق، کامران غلام اور سلمان علی آغا کو ٹیم سے باہر کردیا ہے جنہیں ممکنہ طور پر نامزد کیا گیا تھا تاہم وہ ٹریننگ کیمپ کا حصہ رہیں گے ۔ بابر اعظم کا یہ بطور ٹیسٹ کپتان پہلا امتحان کیا ہوگا ، 6 کھلاڑیوں کو ابھی اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنا ہے ۔ نعمان علی اور ساجد خان سپن باؤلنگ میں یاسر شاہ کے ساتھ شریک ہیں جبکہ پیس اٹیک میں حسن علی کے ساتھ حارث رؤف، شاہین آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔ فہیم اشرف اور محمد نواز آل راؤنڈ آپشنز ہیں۔ اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز ہارنے والی سکواڈ سے شان مسعود، محمد عباس اور حارث سہیل کو ڈراپ کر دیا تھا۔ لیگ سپنر شاداب خان تکلیف سے دوچار ہیں تو نسیم شاہ کی انگلی ہیمسٹرنگ کا شکار ہیں۔ ادھر حسن علی نے قائد اعظم ٹرافی میں اپنی پرفارمنس کی پشت پر اپنی ٹیم میں واپسی کی نشاندہی کی ہے ۔ پہلے ٹیسٹ کے لیے سترہ رکنی پاکستانی سکواڈ کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ ، اظہر علی ، فواد عالم ، سعود شکیل ، فہیم اشرف ، محمد نواز ، محمد رضوان ، سرفراز احمد ، نعمان علی ،ساجد خان ،یاسر شاہ ، حارث رؤف ، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں ۔ ادھر ورچوئل پریس کانفرنس پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، ناقص کارکردگی کو ایک طرف رکھ کر اب آگے کی طرف نظریں ہیں، میری تمام تر توجہ سیریز پر ہے ، بابر اعظم کو بطور کپتان فری ہینڈ دینا چاہیے ، مستقبل بارے کوئی دباؤ نہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جب وہ بیٹنگ کرتے ہیں تو صرف بیٹسمین بن کر کھیلتے ہیں، کپتانی ذہن میں نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اچھے کپتان کا مثبت ہونا ضروری ہے ، چیلنج دوسروں پر ڈالنے کے بجائے خود لینا پڑتا ہے ۔