لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں نوازشریف، مریم نواز،حسین نواز، حسن نواز اور اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیلئے درخواست پر وزارت داخلہ کی جانب سے جواب داخل کرا دیا گیا۔وزارت داخلہ نے جواب میں کہا کہ حسن، حسین نواز کی وطن واپسی پر ای سی ایل نام ڈالا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے مقامی وکیل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف،مریم نواز، اسحاق ڈار، حسن نواز، حسین نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کا نام ای اسی ایل میں شامل کیا جائے ۔عدالتی حکم پر وزارت داخلہ نے جواب جمع کرا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جاچکا جبکہ حسن اور حسین نواز کی پاکستان واپسی پر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیاجائے گا اور اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے درخواست پر مزید کارروائی 15روز تک ملتوی کردی ۔