لاہور(نمائندہ خصوصی سے )حضرت سیدہ بی بی پاکدامنؒ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات دعا کیساتھ اختتام پزیر ہو گئیں۔ سالانہ عرس تقریبات کے آخری روز بھی وقت کی قید سے آزاد ہو کر اور موسمی شدت کی پراہ کئے بغیر مرد و خواتین زائرین کی ایک بڑی تعداد نے جوق در جوق مزار پر انوار پر حاضری دی ۔ عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔دربار کے احاطہ میں ہمہ وقت محافل حمد و ثناء کا سلسلہ جاری رہا ۔حاضرین مجلس نے قرآء اور نعت خوان حضرات کو دل کھول کو داد و تحسین سے نوازا۔تقریبات کے آخری روز مزار شریف پر خطیب مفتی قیصر نعیمی نے ملکی سلامتی و استحکام اور کورونا وائرس سے نجات کی خصوصی دعا کروائی، تقریبات کے دوران زائرین کی بڑی تعداد اپنی منتوں کی مناسبت سے دیئے روشن کئے ۔اختتامی دعا کے بعد بیرون شہر سے آئے ہوئے زائرین کے قافلوں کو منیجر سرکل3 اوقاف گوہر مصطفی نے اپنے سٹاف کے ہمراہ نیک تمنائوں کے ساتھ الوداع کیا۔