لاہور(نمائندہ خصوصی سے )امیر المؤ منین حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کی تعلیمات کو اپنا کر ہی پوری دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ۔اشاعت اسلام کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی ؓکی بے مثال جدو جہد و لازوال قربانیوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ۔اِن خیالات کا اِظہار مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام بادشاہی مسجد میں جمعتہ المبارک کو منعقدہ’’شہادت سیدنا عثمان غنیؓ کانفرنس‘‘سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔خطیب بادشاہی مسجدمولانا سید عبد الخبیر آزاد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ خلیفہ سوئم حضرت سیدنا عثمان غنیؓ کی مظلومانہ شہادت امن کاپیغام ہے ۔ انہوں نے اقتدار اورفوج کے باوجود باغیوں کے خلاف کارر وائی نہ کرکے مدینۃ المنورہ کو کشت و خون سے بچا لیا آج ان کے افکار و کردار کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی تعلیمات سے اِستفادہ کر کے اپنے کردار کی تعمیر کریں۔ اس موقع پر مولانا مفتی مبشر احمد ، پیر عثمان نوری ‘مولانا شکیل الرحمن ‘مولانا عبد الستار ‘مولانا مخدوم عاصم‘خواجہ جاوید اسلم ودیگر نے اتحادو اتفاق پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے حضرت سیدنا عثمان غنی کے افکار و کردارد نیا کیلئے مشعل راہ ہیں ۔