اسلام آباد،راولپنڈی،وانا،پشاور(سپیشل رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملہ کے نتیجہ میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 4 دہشتگردبھی مارے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں رات گئے پیش آیا ۔پاک فوج کی جانب سے دہشتگردوں کومنہ توڑجواب دیا گیا۔پاک فوج کے شہید ہونیوالے جوانوں میں لانس نائیک عمران علی، سپاہی عاطف جہانگیر، سپاہی انیس الرحمٰن اور سپاہی عزیز شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے حملہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مکین میں چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے فوجی جوانو ں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔صدر نے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی جبکہ انکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا ۔انہوں نے غمزدہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کی بزدلانہ کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید سپاہیوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی ۔وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ٹویٹ میں جنوبی وزیرستان میں 4فوجی جوانوں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ آخری سانسیں لیتے دہشتگردوں کی باقیات کوختم کر کے دم لیں گے ں۔ انہوں نے شہدا کے اہلخانہ کے صبرواستقلال وجرأت کو سلام پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پرتعزیت کی اورانکے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہارکیا۔سابق صدرآصف علی زرداری نے پاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ قوم کو دھرتی ماں کے ایسے بہادر بیٹوں پر فخر ہے ۔ سوات آپریشن کی طرح جنوبی وزیرستان کو دہشتگردوں سے پاک کیا جائے ۔ نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عمل کیا جاتا تو دھرتی دہشتگردوں سے پاک ہوتی۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے بھی پاک فوج کے چار جوانوں کی شہادت پر افسوس ، شہدا کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی ۔انہوں نے کہا کہ شہید جوان قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں، انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، دہشتگردوں اور انکے سہولتکاروں کی بیخ کنی کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ناگزیر ہے ۔