لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کے روشن مستقبل و خوشحالی کے لئے ایک نیک شگون ثابت ہوگا جبکہ دوسری طرف یہ کسی بھی حکومت کے لئے ایک ایسا چیلنج ہے ، جسکے لئے ایک جامع پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا اور اس حوالے سے پنجاب حکومت اپنی ذمہ داری سے بخوبی آگا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارے نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کرناحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حالیہ بجٹ میں تعلیم اور روزگار وغیرہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے نمایاں فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے نوجوانوں کے ایک وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔جبکہ وفد کی قیادت چیئرمین پنجاب یوتھ کونسل حمزہ کرامت نے سینئر رہنماء وحید احمد خان کے ساتھ ملکر کی۔وفد نے صوبائی وزیر کو نوجوانوں کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا ۔