کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومتوں کی تبدیلی سے عوام کے حالات تبدیل نہیں ہونگے ، قوم کو اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف حکمرانوں سے سڑکیں،ہسپتال،سکول، کالج، یونیورسٹی، پارک مانگنے کے بجائے ان کو بنانے اور چلانے کے اختیارات اور وسائل کا مطالبہ کرنا ہوگا تب جا کر پاکستان ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اقتدار کی جنگ میں ایوانوں میں براجمان تمام سیاسی جماعتیں عوام کو بھولے ہوئی ہیں۔ اب عوام بھی صرف اس سیاسی جماعت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا جو اختیارات اور وسائل کو ان کے گھر کی دہلیز تک پہنچائے ۔ پاک سرزمین پارٹی نے عوام کو اختیارات اور وسائل دینے کیلئے تین آئینی ترامیم تجویز کی ہیں پہلی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات بلدیاتی انتخابات سے مشروط کئے جائیں، دوسری این ایف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء یقینی بنایا جائے ، تیسری میئر کے اختیارات وزیراعظم اور وزیراعلی کی طرح آئین کے آرٹیکل 140 اے کی تشریح کر کے درج کیے جائیں۔