لاہور(اشرف مجید)آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی جانب سے حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پیٹرولنگ پر مشتمل مشترکہ ٹریفک انفورسمنٹ کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی ہے ،مشترکہ ٹیمیں اوور سپیڈ پر جرمانوں کے ساتھ ڈرائیوروں پر مقدمات اور انہیں گرفتار کرنے کے ساتھ انکے لائسنس بھی منسوخی کیلئے قبضہ میں لیں گی ،اس پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پہلے ماہ میں ڈی جی خان اور سرگودھا ریجن میں مشترکہ ٹیمیں کارروائی کریں گی جسکی رپورٹ ہر ہفتے ٹریفک ہیڈ کوارٹر زپنجاب کو بھجوانا لازم ہو گی ،ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب صاحبزادہ محمدشہزاد سلطان کی جانب سے آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب ہائی وے اور ٹریفک پولیس کی مشترکہ ٹیموں بارے مراسلہ نمبر12261-64\GAجاری کردیا ہے جس میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ٹریفک پولیس کی ٹیم میں ڈسٹرک ٹریفک افیسر کی سربراہی میں دو ٹریفک وارڈن ،دو ٹریفک اسسٹنٹ بمعہ ایک سپیڈ چیکنگ ڈیوائس اور گاڑی موجود ہو گا جبکہ پنجاب ٹریفک ہائی وے کی جانب سے ڈسٹرکٹ آفیسر کی سربراہی میں ایک سب انسپکٹر ایک اے ایس آئی دو کانسٹیبل اور ڈرائیور سپیڈ چیکنگ ڈیوائس سمیت موجود ہو گا ،دونوں ٹیمیں تین تین روز کیلئے کام کریں گی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ماہ ایک ریجن میں کارروائی کر کے وہاں پر حادثات میں کمی بارے ہفتہ وار رپورٹ بنائی جائے گی ،بتایا گیا ہے کہ ڈی جی خان اور سرگودھا میں فوری طور پر ٹیموں کی جانب سے کام بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔