لاہور(اپنے رپورٹر سے ) واسا لاہور نے وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق شجر کاری مہم کا آغاز بابوصابو کے مقام پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مختص زمین سے کیا۔ اس حوالے سے بابو صابو کے مقام پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وائس چئیرمین واسا شیخ امتیاز محمود نے کہا کہ درخت لگاؤ اور جنت میں گھر بناؤ عہد پر کام کرتے ہوئے شہر میں 10ہزار پودے لگائے جائیں گے ۔ واسا کے تقریباً 6سے 7ہزار ملازمین اگر 2پودوں کی آبیاری کریں گے تو بات کہاں چلی جائیگی۔ منیجنگ ڈائرے کٹر واسا سیدزاہدعزیز نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شجر لگاؤ شہرفضائی آلودگی سے بچاؤ ، آئیں اس عہد پر عملی طور پر کام کریں ۔ ایم ڈی واسا نے اس موقع پر واسا کے عملہ کو ہدایت کی کہ پودے لگانا کافی نہیں بلکہ اس کی نشوونما بھی اتنی ہی ضروری ہے جیسے اپنے بچوں پرورش کرنا۔بابو صابو کے مقام پر10ہزار پودے لگائے جائیں گے اور عملہ کو ہدایت کی کہ وہ ان کی دیکھ بھال اور آبیاری بھی کریں۔