لاہور(سٹاف رپورٹر) جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ علامہ قاری محمد زوار بہادر،سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جاوید اعوان، حافظ نصیر احمد نورانی،علامہ اظہر حسین فاروقی،محمد ارشد مہر اور مفتی تصدق حسین نے ساہیوال کے قریب جعلی اور سفاکانہ پولیس مقابلے میں چار بے گناہ افراد کی ہلاکت پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حادثے کے بعد سی ٹی ڈی کی سابقہ کارراوئیاں سوالیہ نشان بن گئی ہیں یہ واقعہ دل دہلا دینے والا ہے جہاں معصوم بچوں کے سامنے ان کے ماں باپ کو گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا ساہیوال حادثے سے ہر شخص دلی دکھ محسوس کر رہا ہے ۔قائدین جے یوپی نے کہا کہ نئے حکمرانوں سے عوام کو امید تھی کہ پنجاب میں پولس کلچر تبدیل ہوگا اور اس کے رویوں میں تبدیلی آئے گی مگر افسوس کا مقام ہے کہ پولیس اپنے پرانے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور عوام کو دہشت زدہ کرنے میں اپنی مثال آپ بنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت جو پولیس نظام کو تبدیل کرنے کی بات کرتی تھی عوام کو پولیس کے ظلم وستم سے بچانے میں بری طرح ناکام ہے قائدین نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کو فوری عبرت ناک سزادی جائے اور حکمران عوام کے تحفظ کے لئے پولیس کے نظام کو جلد تبدیل کریں ۔