مکرمی ! نگران حکومت کے آنے کے بعد بھی مہنگائی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس سے عوام کی مشکلات بھی بڑھتی جا رہی ہیں ۔ کراچی میں ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں نے بجلی کے اضافی بل ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں نے بجلی کا کنکشن کاٹنے کیلئے آنیوالے کے الیکٹرک کے عملے پر تشدد کیا۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ بجلی کے اضافی بل کسی صورت ادا نہیں کریں گے۔ یہ صورتحال صرف کراچی میں ہی دیکھنے میں نہیں آئی بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج ہوا۔ احتجاج میں خواتین سمیت ہر طبقے کے لوگوں نے بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ عوام کی طرف سے مہنگائی کے خلاف سامنے آنے والا ردعمل بالکل جائز ہے۔ حکومت مسلسل عوام پر ناروا معاشی بوجھ ڈالتی جارہی ہے۔ حکومت کی طرف سے افسران کو مفت پٹرول، بجلی اور متعدد دیگر سہولیات دے کر عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا جارہا ہے۔ اگر حکومت نے عوام کو ریلیف دے کر اس صورتحال پر فوری قابو نہ پایا تو ملک میں خانہ جنگی کا ماحول پیدا ہوگا جس سے معاملات مزید بگاڑ کی طرف جائیں گے۔ بہتر ہو گا افسران کو مفت پٹرول، بجلی اور متعدد دیگر سہولیات فوری طور پر ختم کرے اور ان وسائل کو عوام کو ریلیف دینے کے لئے استعمال کیا جائے۔ (اقرار حسین ‘کراچی)