مکرمی !سادہ لوح عوام کومہنگائی،غربت، بیروزگاری اورپسماندگی سے پا ک نئے پاکستان کے سپنے اورخواب دکھانے والوں نے محض ایک سال میں انہی غریب عوام کے منہ سے روٹی کانوالہ چھیننے کے ساتھ اب ان کے جسم سے گوشت نوچنے، خون اورہڈیاں چوسنے کاکام بھی شروع کردیاہے۔ عوام کی قسمت بدلنے کے لئے بھینس،کٹے،مرغیاں اورانڈے بیچنے والوں نے اب قوم کی تقدیربدلنے کے لئے عوام ہی کوبرسربازارنیلام کرنے پراپنی نظریں مرکوزکردی ہیں ۔حکومتی وزیروںاورمشیروں کے بدلتے تیوراوراژدھوں کی طرح کھلے منہ دیکھ کریوں محسوس ہو رہاہے کہ حالات اگریہی رہے تو عوام کا بہت برا حال ہوگا۔کیاعوام نے تحریک انصاف کواس لئے ووٹ دیئے تھے کہ یہ اقتدارمیں آکرغریب عوام کے ساتھ اس طرح کاانصاف کریں گے۔۔؟ڈاکٹروں کی ہڑتال پرحکومت کی جانب سے تویہ کہاجارہاہے کہ ان اصلاحات سے عوام کوفائدہ ہوگا۔ڈاکٹران کی اس لئے مخالفت کررہے ہیں کہ ان کے مفادات کونقصان پہنچ رہاہے۔انصاف کاتقاضایہ ہے کہ غریب عوام پرسرکاری ہسپتالوں کے دروازے بندکرنے کی بجائے عوام کوصحت وتعلیم کے ساتھ دیگربنیادی سہولیات کی فوری اورفری فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام بھی زندگی کے کچھ دن آرام وسکون کے ساتھ جی سکیں۔ ( عمرخان جوزوی )