کراچی (سپورٹس ڈیسک)دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا کے باولرز نے پاکستانی بلے بازوں کو ایک کے بعد ایک پویلین بھیج کر میچ کا نقشہ ہی بد ل دیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں 148 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی ۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کروانے کی بجائے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 81رنز بنا کر489 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے ۔ اس وقت عثمان خواجہ 35جبکہ مارنس 37سکور بنا کر پچ پر موجود ہیں ۔ تیسر ے روز پاکستان نے آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں کھیل کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کھلاڑی دھڑا دھڑ آتے رہے اور جاتے رہے ، یوں پاکستان کی پوری ٹیم 148رنز ہی بنا سکی جس میں سب سے زیادہ 36 رنز بابر اعظم نے بنائے ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطرہ خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ اس سے قبل پہلے روز آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مسلسل 2روز تک بیٹنگ جاری رکھی تاہم تیسرے روز کے آغاز پر اننگ 556 رنز پر ڈکلیئر کر دی گئی ، آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 160 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ الیکس 93 رنز کے ساتھ دوسرے ، سٹیون سمتھ 72 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔ان کے علاوہ ڈیوڈن وارنر 36 ، نتھان لیون 38 ، ٹراوس ہیڈ 23 ، کیمرون گرین 28 ، مچل سٹارک 28، پیٹ کیومنز 34 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں فہیم اشرف اورساجد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ، حسن علی ، نعمان علی اور بابراعظم نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔